ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / چمپائی سورین کی قیادت والی جھارکھنڈ مُکتی مورچہ - کانگریس حکومت نے جھارکھنڈ اسمبلی میں حاصل کیا اعتماد کا ووٹ

چمپائی سورین کی قیادت والی جھارکھنڈ مُکتی مورچہ - کانگریس حکومت نے جھارکھنڈ اسمبلی میں حاصل کیا اعتماد کا ووٹ

Mon, 05 Feb 2024 18:59:26    S.O. News Service

رانچی، 5/فروری (ایس او نیوز/ایجنسی)جھارکھنڈ مکتی مورچہ (جے ایم ایم)- کانگریس مخلوط حکومت نے چمپائی سورین کی قیادت میں پیر کو جھارکھنڈ اسمبلی میں منعقدہ فلور ٹیسٹ میں جیت درج کرلی جس کے ساتھ ہی کہا جارہا ہے کہ بی جے پی کی اُمیدوں پر پانی پھر گیا ہے۔

ہیمنت سورین کے استعفیٰ کے بعد چمپئی سورین کو وزیر اعلیٰ بننے کی دعوت ملنے میں ہوئی تاخیر پر کافی ہنگامہ ہوا تھا اور پھر اس کے بعد سبھی کو5 فروری کا انتظار تھا جب وزیر اعلیٰ کو اعتماد کا ووٹ حاصل کرنا تھا۔ 5 فروری یعنی آج چمپئی سورین کو اکثریت ثابت کرنے میں کسی بھی طرح کی پریشانی نہیں ہوئی اور 81 نشستوں والی اسمبلی میں ضروری 41 ووٹ کی جگہ انھوں نے 47 ووٹ حاصل کر کے فلورٹیسٹ میں جیت درج کی۔ ان کے خلاف محض 29 ووٹ پڑے۔

یاد رہے کہ چمپئی سورین نے 2 فروری کو وزیر اعلیٰ کا حلف لیا تھا اور اکثریت ثابت کرنے کے لیے 5 فروری کی تاریخ طے ہوئی تھی۔ انھوں نے آج اعتماد کا ووٹ پیش کیا اور اس کے بعد اس پر بحث شروع ہوئی۔ بحث کے شروع میں چمپئی نے بی جے پی کو سخت الفاظ میں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بی جے پی نے حکومت کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کی، لیکن ہم نے انھیں آج ناکام کر دیا۔ ساتھ ہی انھوں نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی ہیمنت سورین کو جھوٹے معاملوں میں پھنسانے کے لیے مرکزی ایجنسیوں کا استعمال کر رہی ہے۔ چمپئی سورین نے یہ وعدہ بھی کیا کہ وزیر اعلیٰ رہتے ہوئے ہیمنت سورین نے جو منصوبے شروع کیے ہیں، وہ اس کو آگے بڑھائیں گے۔

اس سے قبل اسمبلی میں گورنر سی پی رادھاکرشنن نے اپنی تقریر شروع کی۔ اس دوران برسراقتدار طبقہ کے اراکین اسمبلی ان کی ہوٹنگ کرتے ہوئے دکھائی دیے اور ایوان کے اندر ’مرکزی حکومت ہائے ہائے‘ کے نعرے بلند کرتے رہے۔ گورنر کی تقریر کے دوران برسراقتدار طبقہ کے سبھی اراکین اسمبلی نے کھڑے ہو کر اپنا احتجاج بھی درج کیا۔


Share: